ژوب:مخصوص ایجنڈے کے تحت کسی کو فتنہ پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے

19 اپریل ، 2023

ژوب (نامہ نگار )مسلم لیگ (ن) کے صدر اجمل اعوان بازار یونین و گرینڈ الائنس ایکشن کمیٹی صدرملک گل زمان ناصر اور مسعود خان مردانزئی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحیثیت پاکستانی اور مسلمان ملک میں ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت لوگوں کو ورغلا کر کسی کو فتنہ پھیلانے کی اجازت نہیں دینگے عمران خان صادق و امین شخص نہیں رہے جس کی اخلاقی اور مالی کرپشن دنیا کے سامنے عیاں ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے تیسرے نکاح پر بحیثیت مسلمان ہمیں تشویش لاحق ہے ایک مسلمان کس طرح ایک خاتون کے ساتھ عدت کے دوران شادی کر سکتا ہے اور بقول خاتون کہ عدت سابق شوہر کے گھر گذاری جو سمجھ سے بالاتر ہے اس حوالے سے مفتی سعید نے عدت کے دوران نکاح پڑھانے کی غلطی تسلیم کرتے ہوئے حلفی بیان جمع کرایا ہے انہوں نے عدلیہ سے اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں غیر شرعی کام کرنے والوں کو سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور پر نوٹس نہ لیا گیا تو یہ فتنہ مزید بڑھے گا انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مرکزی چوک پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا اب پریس کانفرنس کے ذریعے حکام بالا کو آگاہ کر رہے ہیں انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل مبینہ طور پر قادیانی فرقے سے تعلق رکھنے والے بیرون ملک چند پاکستانیوں نے چیف آف آرمی اسٹاف ڈی جی آئی ایس آئی اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور نعرے بازی کی جس سے ملک کے لئے مزید چیلنجز پیدا ہونگے قومی سلامتی کے ادارے مذکورہ عناصر کا نوٹس لیں انہوں نے کہا کہ کوئی محب وطن پاکستانی کسی قسم کا فتنہ اور غیر شرعی کام برداشت نہیں کریگا۔