اسلام آباد ،کراچی ، دمشق (نامہ نگار خصوصی ،نیوز ڈیسک، اے ایف پی ) چین نے اسرائیل فلسطین امن مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش کردی ،چینی وزیرخارجہ کن گانگ نےاپنے اسرائیلی اور فلسطینی ہم منصبوں کیساتھ علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک گفتگو کی اور کہا کہ چین فریقین کے درمیان امن مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کے لئے تیار ہے،انہوں نے فریقین میں جاری کشیدگی پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ ان کی اولین ترجیح تنازع کو بڑھنے یا بے قابو ہونے سے روکنا ہے ، دوسری جانب سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے شام کے دارالحکومت دمشق پہنچے ہیں،انہوں نے شامی صدر بشارالاسد سے ملاقات کی ہے، شام کے صدر بشارالاسد نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب اور شام کے تعلقات ایک مثالی نمونہ ہونے چاہئیں، بہتر تعلقات سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ عرب دنیا اور خطے کو بھی فائدہ ہوگا، انہوں نے سعودی عرب کی حقیقت پسندانہ سوچ کی تعریف بھی کی ، سعودی وزیرخارجہ نے اس سے قبل کہا کہ شام کے بحران کے ایسے حل کے حامی جو اس کے اتحاد، سلامتی، استحکام اور عرب شناخت کو برقرار رکھے ،اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہےکہ سعودی عرب کے ساتھ معمول کے تعلقات اور امن چاہتے ہیں، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے امریکی سینیٹرلنزےگراہم نے ملاقات کی جس میں نیتن یاہو نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ معمول کے تعلقات اور امن چاہتے ہیں، ہم تعلقات کو عرب اسرائیل تنازع کےخاتمےکی جانب بڑےاقدام کےطورپردیکھتے ہیں، اس کے علاوہ ایران کے معزول بادشاہ کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی اس ہفتے اسرائیل کادورہ کریں گے، ادھر حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ وفد کے ہمرا کئی برس بعد پہلی بار سعودی عرب کے دورے پر پہنچ گئے ہیں، وفد میں حماس کے سابق سیاسی سربراہ خالد مشعل بھی موجود ہے جو فلسطین کی حالیہ صورتحال اور حماس اور سعودی عرب تعلقات پر مذاکرات کریں گے ،ایک روز قبل فلسطینی صدر محمود عباس بھی سعودی عرب پہنچ گئے ہیں،دریں اثناء قطر اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کی جانب پیش رفت جاری ہے،اماراتی عہدیدار کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک سفارتخانے کھولنے سمیت سفارتی تعلقات کی بحالی پر کام کر رہے ہیں،ایک خلیجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ یو اےای اور قطر کے درمیان جون کے وسط تک مکمل سفارتی تعلقات کی بحالی اور سفارتخانے دوبارہ کھل جانے کی توقع ہے، قطر کی وزارت خارجہ نے معاملے پر ردعمل سے گریز کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چین کے وزیر خارجہ کِن گانگ نے پیر کو اپنے اسرائیلی اور فلسطینی ہم منصبوں کو بتایا کہ چین اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کے لئے تیار ہے، چینی خبر رساں ادارے نے بتایا کہ کِن گانگ نے کہا ہے کہ "چین اسرائیل اور فلسطین دونوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ سیاسی جرات کا مظاہرہ کریں اور امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لئے اقدامات کریں، چین اس میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے" ۔کن گانگ نے اپنے اسرائیلی ہم منصب ایلی کوہن سے ٹیلفونک گفتگو میں کہا ہے کہ چین اسرائیل اور فلسطین کے درمیان موجودہ کشیدگی پر فکر مند ہے۔ چین کی اولین ترجیح صورت حال کو کنٹرول میں لانا اور تنازع کو بڑھنے یا کنٹرول سے باہر ہونے سے روکنا ہے۔چینی وزیر نے فریقین پر زور دیا کہ وہ پرسکون رہیں۔ تحمل سے کام لیں اور اشتعال انگیز بیانات یا اقدامات سے گریز کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ تنازع کے حل کی کلید امن مذاکرات کا دوبارہ آغاز اور دو ریاستی حل پر عمل درآمد کرنے میں ہے۔چینی وزیر خارجہ نے گزشتہ ماہ اعلان کردہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے معاہدے میں چین کے کردار کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ سعودی عرب اور ایران نے حال ہی میں بات چیت کے ذریعے سفارتی تعلقات بحال کئے ہیں جو بات چیت کے ذریعے اختلافات پر قابو پانے کی ایک اچھی مثال ہے۔دوسری جانب سعودی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہزادہ فیصل کا دورہ شام کے بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے کی سعودی عرب کی خواہش اور دلچسپی کے دائرے میں آتا ہے۔سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب شام کے بحران کے ایسے حل کا حامی ہے جو اس کے اتحاد، سلامتی، استحکام اور اس کی عرب شناخت کو برقرار رکھے اور اسے اس کے عرب ماحول میں اس طرح بحال کرے جس سے اس کے برادرعوام کی فلاح وبہبود میں مدد ملے۔بیان میں مزیدکہا گیا ہے کہ شہزادہ فیصل کا ایئرپورٹ پراستقبال وزیرایوان صدر منصور عزام نے کیا۔وہ یہ دورہ شامی وزیرخارجہ ڈاکٹر فیصل المقداد کے سعودی عرب کے دورے کے چند روز بعد کررہے ہیں۔2011 میں شام میں خانہ جنگی چھڑنے کے بعد ان کا سعودی عرب کا یہ پہلا دورہ تھا۔خلیج تعاون کونسل، مصر، اردن اور عراق کے وزرائے خارجہ نے جدہ میں ایک اجلاس منعقد کیا ہے اوراس میں شامی وزیرخارجہ کے دورے کے بعد شام کی عرب ممالک میں ممکنہ واپسی پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔سعودی عرب اور شام نے سفارتی تعلقات بحال کرنے سے اتفاق کیا ہے۔واضح رہے کہ 19 مئی کو الریاض میں عرب لیگ کا آئندہ سربراہ اجلاس ہورہا ہے اور اس سے قبل شام کی تنظیم میں واپسی کے لیے سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔
اسلام آباد وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے اپنے 16ذیلی اداروں کو ای آفس پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی ہے ، وزارت...
اسلام آباد ملک کی تاریخ میں پہلی بار کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت دس سالوں کے لیے 20 ارب ڈالر کے عزم کے ساتھ...
اسلام آباد آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی او جی ڈی سی ایل کی اعلیٰ انتظامیہ ملک میں تیل اور گیس کی تلاش کا...
اسلام آباد 35رکنی پاکستانی تجارتی وفد کا 12سال بعد فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈا نڈسٹری کےصدر...
اسلام آ باد وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ...
اسلام آباد بنگلہ دیش نے اپنے سفارت خانے میں میڈیا سے معاملہ کرنےوالے سفارت کار طیب علی کو ہٹا کر انہیں ڈھاکا...
اسلام آباد اسپیکر نے قومی اسمبلی اجلاس سے قبل حکومت و اپوزیشن رہنمائوں کا اجلاس بلالیا، قومی اسمبلی اجلاس...
اسلام آ باد قومی اسمبلی کا اجلاس آج بروز پیر شام پانچ بجے پار لیمنٹ ہا ئوس اسلام اآ باد میں ہو گا۔ اجلاس...