پہلے یوسف گیلانی گئے اب شہباز شریف نااہلی بھگتیں گے، عمران خان

19 اپریل ، 2023

لاہور(جنگ نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہسپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مان کر حکمران غلط روایت ڈال رہے ہیں، توہین عدالت پرپہلےیوسف رضاگیلانی نے نااہلی بھگتی اب شہباز شریف بھی بھگتیں گے ۔عمران خان سے چوہدری پرویز الٰہی نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں الیکشن کیلئے ٹکٹوں پرمشاورت اور ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔اس موقع پرعمران خان کا کہناتھاکہ پنجاب اورخیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کی جانب سےسپریم کورٹ میں درخواست دائرکررہے ہیں ۔ پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ پنجاب میں امیدواروں پر تفصیلی مشاورت ہوئی ہے، ٹکٹوں کا اعلان عمران خان خود کریں گے، الیکشن کو روکنے کیلئے ہر غیر آئینی ہتھکنڈا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کو اپنے ہر غیرآئینی اقدام کاجواب دینا ہوگا، شہباز شریف اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں چاہے انہیں آئین شکنی ہی کیوں نہ کرنی پڑے۔نمائندہ جنگ کے مطابق عدالت پہنچ کر میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر حکومت عدالت کا فیصلہ نہیں مانتی اور آئین پر چلنے کو تیار نہ ہوئی پھر پاکستان میں قانون تو ختم ہوگیا۔اگر ووٹ کا حق نہیں دیا جاتا تو اس کا مطلب آپ آئین کو نہیں مانتے، اس کا مطلب آپ من پسند آئینی شقوں کو تسلیم کرتے ہیں۔