ڈیم فنڈ میں پیسے دینے والا ہی مجھ سے سوال کرسکتا ہے، ثاقب نثار

19 اپریل ، 2023

لاہور(این این آئی، مانیٹر نگ سیل) سابق چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ڈیم فنڈ میں پیسے دینے والا ہی مجھ سے سوال کرسکتا ہے، ڈیم فنڈ میں 10 ارب روپے جمع ہوئے، رقم کو انویسٹ کر دیا تھا ،بڑھ کر 17ارب روپے ہوگئی تھی، لوگوں نے ڈیم کیلئے جو رقم دی ہے وہ محفوظ ہاتھوں میں ہے، جس اسپیڈ سے ہم ڈیم کی تعمیر کرانا چاہتے تھے اس میں جو رکاوٹیں آئیں ان کا ذکر نہیں کرنا چاہتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ غوثیہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثاقب نثار نے کہا کہ گناہوں سے بچنا اور عبادت کرنا اہم ہے، قرآن کو پڑھنا ہی نہیں سمجھنا اور عمل کرنا اہم ہے، معاشرے میں سب سے اہم بات تربیت اور دیانت ہے، ہمیں اپنے معاملات میں دیانت اور خدمت کا شعار اپنانا ہوگا، معاملات میں دیانت ہی ہمارے دین کی اساس ہے، بچے ہمارا مستقبل ہیں، میرا سیاسی مقصد نہیں ہے، پاکستان کےحالات اچھے نہیں ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے معاملات درست نہیں ہیں۔سابق چیف جسٹس نے کہاہے کہ لوگوں نے ڈیم فنڈز میں 10 ارب روپے جمع کرائے۔ انہوںنے کہا کہ 10 ارب روپے کی اس رقم کی حفاظت کے لئے 5 رکنی بنچ تشکیل دیا تھا۔