قیدیوں کی صحت ،اخلاقی تربیت انتظامیہ کی ترجیح ہونی چاہئے ، ڈاکٹر جمال ناصر

19 اپریل ، 2023

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کا اچانک دورہ کیا اور جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، سینئر سپرٹینڈنٹ جیل ارشد جاوید وڑائچ اور ڈائریکٹر ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر عنصر اسحاق نے صوبائی وزیر کو جیل میں دی گئی طبی سہولیات اور انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیر صحت نے قیدیوں کے لئے بنائے گئے کال سنٹر اور فیملی وزیٹر سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی صحت اور اخلاقی تربیت ہر لحاظ سے انتظامیہ کی ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں قیدیوں کی ہیلتھ سکریننگ کی گئی ہے اور انکے ٹی بی، ایڈز، ہیپاٹائٹس اور دیگر امراض کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں مختلف امراض میں مبتلاقیدیوں کی ویکسی نیشن بھی کی گئی ہے ۔