تین ماہ سے ٹھپ سرکاری و انتظامی امور چلانے کیلئے پالیسی گائیڈ لائن جاری

19 اپریل ، 2023

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) نگران پنجاب حکومت نے صوبائی مشینری کو نئی ورکنگ گائیڈ لائن جاری کردی ۔وزیر اعلٰی پنجاب اور چیف سیکرٹری نے تمام کمشنرز کے ساتھ اجلاس میں تین ماہ سے ٹھپ سرکاری و انتظامی امور کو چلانے کیلئے پالیسی گائیڈ لائن جاری کی۔حکومتی ہدایات کے بعدراولپنڈی ڈویژن بھر کے اضلاع کی انتظامیہ کا اجلاس ہواجس میں حکومتی ہدایات کی روشنی میں گیارہ نکاتی امور پر احکامات جاری کیے گئے۔ضلع راولپنڈی میں کمرشل سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹیوں کو متحرک کردیا گیا ۔ مری کیلئے کمیٹی کا نوٹیفکیشن جار ی جبکہ راولپنڈی کی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔ تمام اضلاع کو کہا گیا ہے کہ فوری طور پر کنٹرول روم قائم کئے جائیں اعدادوشمار کو یکجا کیا جائے ۔ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ زیر التوا پٹرول پمپس،کمرشل عمارتوں ، پلازوں اور ہائوسنگ سوسائیٹیوں کے این او سی کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ریسٹ ہائوس اور سرکٹ ہائوس کوکارروباری طرز پر جمخانہ میں تبدیل کیا جائے ۔ جائیداودں کی ای رجسٹریشن کو ساہیوال ڈویژن ماڈل کی طرز پر کیا جائے۔سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے سڑکوں کی مینٹی نینس و مرمت کیلئے فنڈز جاری کردئیے۔