ہلاک ہونے والے ڈاکو کے والدین کا لاش وصول کرنے سے انکار

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار ) ڈکیتی کے دوران اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ریکارڈ یافتہ ڈاکو یوسف کے والدین نے بیٹے کی نعش وصول کرنے سے انکار کر دیا ۔ایس ایچ او سہالہ انسپکٹر محمد ارشد نے بتایا کہ یوسف کے خلاف 17مقدمات درج ہیں۔ وارداتوں کے دوران دو افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے کا بھی الزام ہے ۔گرفتار ملزم محمد علی کے خلاف بھی قتل سمیت یہ 17واں مقدمہ ہے۔ دریں اثناء سہالہ پولیس کے مطابق رات گئے ایک خاتون نے اپنے بھائی کے ہمراہ تھانے آ کر دعویٰ کیا کہ وہ یوسف کی بیوی ہے اور نعش وصول کر کے سپرد خاک کرنا چاہتی ہے جس پر کاروائی شروع کر دی گئی۔