جیولری ایسوسی ایشن کا سیلز ٹیکس کے نفاذ کیخلاف احتجاجی کیمپ جاری

19 اپریل ، 2023

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی)جیولرز پر جبری طور پر سیلز ٹیکس کے نفاذ کے خلاف احتجاجی کیمپ آٹھویں روز بھی جاری رہا۔ صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ، صدر انجمن تاجران پنجاب و راولپنڈی شاہد غفور پراچہ، صدر راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز طارق جدون، مرکزی جنرل سیکرٹری موبائل فون ایسوس ایشن ساجد بٹ نائب، صدر سمال چیمبر محمد محفوظ، جنرل سیکرٹری راجہ بازار شیخ ابرارصدر صرافہ یونین صادق آباد قیصر کیانی ، اور انجمن تاجران راولپنڈی کے دیگرعہدیداران نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تاجر قائدین نے کہاہے کہ جیولرز پر سیلز ٹیکس کا نفاذ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں کیونکہ سونے میں ان پٹ نہیں تو اس پر سیلز ٹیکس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہےکہ جیولرز کے تمام مطالبات جائز ہیں اورہم ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاہے کہ ہمارے حکمران دفتری بابوں کے بنائے ہوئے بجٹ کو متعلقہ لوگوں سے مشاورت کے بغیر نافذ کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس سے ملک میں بے چینی پھیلتی ہے، مہنگائی کی وجہ سے کاروبا ر ی لوگ پہلے ہی پریشانی کا شکار ہیں۔ انہو ں نے کہا ہے کہ تاجر وں کی بڑی تعداد اپنے روزمرہ کے اخراجات پورے نہیں کر پا رہی۔ ہم حکمرانوں سے کہتے ہیں کہ وہ تاجروں کی مشاورت کے ساتھ اس مسئلہ کا حل نکالیں ورنہ تاجر عید کے بعد بڑے احتجاج کی کال دینے پر مجبور ہوں گے۔ اس موقع پر صدر جیولرز ایسوسی ایشن مری روڈ عبدالقدوس، صدر نیو صرافہ بازار فیاض قریشی، ضیااللہ چوہان، شیخ عاصم ادریس، نعیم سیٹھی،محمد کلیم اختر امین اور دیگر قائدین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔