راولپنڈی، پاک نیوزی لینڈ میچوں کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری

19 اپریل ، 2023

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے میچوں کے حوالے سے شہریوں اور شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے ٹریفک پلان جاری کردیا، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کے حکم پرڈیوٹی آفیسر ٹریفک ہیڈ کوارٹر امتیاز خان نے ڈبل روڈ کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچوں کیلئے ٹریفک پلان جاری کرتے ہوئے بتایاکہ میچوں کے دوران ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے ٹریفک پولیس کے370سے زیادہ افسران و جوا ن تعینات کیے گئے ہیں ،کرکٹ ٹیموں کی سٹیڈیم آمد و روانگی کے وقت ٹریفک کو عارضی طور پر کم سے کم وقت کیلئے متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا اور متبادل راستوں پر ٹریفک کو رواں رکھنے کیلئے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں،پلان کے مطابق شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے 3جگہوں پر پارکنگ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں سول ایوی ایشن گرائونڈ شاہین چوک، شہباز شریف پارک نزد شاہین چوک اور گورنمنٹ گریجویٹ ڈگری کالج سیٹلائیٹ ٹائون شامل ہیں ،پارکنگ ایریا سے سٹیڈیم تک رسائی کیلئے شٹل سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔