طورخم روڈ پر لینڈسلائیڈنگ، کئی مال بردار گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں، 6 افراد جاں بحق

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد،لنڈی کوتل( نیوز رپورٹر،نمائندہ جنگ ) پاک افغان بارڈرطورخم میں لینڈ سلائڈنگ سے چھ افراد جاں بحق اور متعددخمی ہو گئے، درجنوں گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں۔ آ پریشن میں 12کوزند نکا ل دیا گیا ، آرمی کی ہیوی مشینری پہنچ ملبہ ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ۔ واقعہ گزشتہ پیر اور منگل کے درمیانی شب رات کے 2بجے اس وقت پیش آیا تھا جب طورخم ٹرمینل کے بائیں جانب شاہراہ کی توسیع میں این ایل سی حکام پہاڑ میں بلاسٹنگ کر رہے تھے ،گزشتہ رات بار ش سے پہاڑ کا ایک بڑا تودہ گرنے لگا اور درجنوں گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے طورخم کا رخ کر لیا ۔1122اور پاک آرمی کے جوان بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے ریسکیو کا کام شروع کیا تاہم ہیوی مشینری نہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ پیش آیا کئی گھنٹے بعد پشاور سے کچھ مشنری پہنچ گئی اورافغان حکومت نے بھی 2ایکیسویٹر بھیج دیئے تاہم زیادہ ملبہ کی وجہ سے،بتایاجاتا ہے۔ڈی سی خیبر نے میڈیا کو بتایا کو 20سے 25تک گاڑیاں ملبہ تلے آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا سکتا ہے ریسکیوکے ترجمان بلال فیضی نے بتایا کہ تا حال تین نعشوں کو نکالا گیا جبکہ زخمیوں کو لنڈ ی کو تل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے طورخم بارڈر کے قریب پہاڑی تودہ گرنے کی جگہ کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے بھی ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے لیے جائے حادثہ کا دورہ کیا ۔ ادھروزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع خیبر کے علاقے طورخم کے نزدیک ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجہ میں جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے ریسکیو کا کام تیز تر کرنے اور شاہراہ کی جلد از جلد بحالی کی بھی ہدایت کی۔وزیرِ اعظم نے لینڈ سلائیڈنگ میں جاں بحق افراد کے بلندی درجات کی دعا کی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔