وزیرمذہبی امورسےسعودی سفیرکی ملاقات،مختلف امورپرتبادلہ خیال

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی، نیوز رپورٹر)وزیر مذہبی امور سینیٹرمحمد طلحہ محمود سےسعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت حج انتظامات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد سعودی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ نواف سعید المالکی پاکستان کے قابل قدر دوست ہیں جنہوں نے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں کلیدی کردار اداکیا ہے،انہوں نے سرکاری سکیم کے عازمین حج کی سہولیت کیلئے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی پاکستان کے دیگر شہروںتک توسیع کیلئے بھی بات چیت کی جس پر سعودی سفیر نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کیلئے سعودی اہلکاروں کو مخصوص ائرپورٹ ٹرمینل 25اپریل کو حوالے کیا جائیگا، طلحہ محمود سعودی عرب کے دیرینہ اور بھروسہ مند دوست ہیں، سعودی سفیر نے وزارت مذہبی امور کا قلمدان سنبھالنے پر طلحہ محمود کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ طلحہ محمود کے عہدہ سنبھالنے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اور تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا، انہوں نے وزیر مذہبی امور کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی میں پاکستان کے حاجیوں کیساتھ سعودی حکومت ہر ممکن تعاون کریگی،مفتی عبدالشکور کے مشن کے تحت پاکستانیوں کو بہترین حج سہولیات دینا میری اولین ترجیح ہوگی۔