حرمین میں25لاکھ افراد نے نماز عشا اور تراویح ادا کی

19 اپریل ، 2023

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں تقریبا 25 لاکھ افراد نے رمضان کی 27 ویں شب کو عشا اور تراویح ادا کی ہے۔سرکاریخبررساں ادارے کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بڑی تعداد میں افراد عشا اور تراویح ادا کرنے کے لیے پہلے سے پہنچنے لگے تھے۔دونوں مساجدکی تمام منزلیں، دالان، تہ خانے، چھتیں اور اطراف کے علاقے نمازیوں سے بھر گئے۔نماز ادا کرنے والوں میں سعودی شہری، مقیم غیرملکی اورزائرین شامل تھے۔حرمین شریفین کی انتظامیہ نے 27 ویں شب کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے تھے تاکہ زائرین کو ذکر، عبادت اور نماز میں کسی قسم کیدشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مسجد الحرام کے اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور علاقے نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔حرمین شریفین انتظامیہ کے ترجمان ھانی حیدرنے بتایا کہ’ 27 ویں شب کے انتظامات کی براہ راست نگرانی سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیسخود کررہے تھے‘۔ھانی حیدر نے کہا کہ ’اس موقع پر آب زمزم کی تقسیم کے خاص انتظامات کیے گئے تھے‘۔’مطاف میں دو لاکھ سے زیادہ آب زمزم کی بوتلیں، صفا اور مروہ کے درمیان تحائف کے دو سو بیگ تقسیم کیے گئے‘۔انہوں نے بتایا کہ’ معمر اور معذورزائرین کے لیے تین ہزار الیکٹرانک ویل چیئرز فراہم کی گئی تھیں۔ ویل چیئر کے ذریعے داخلے کے چار دروازے مختص تھے‘۔