ہم نے کوئی شرط نہیں رکھی مذاکرات الیکشن کے فریم ورک پر ہونگے، فوادچوہدری

19 اپریل ، 2023

لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کے سینئر مرکزی نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ڈائیلاگ کیلئے کوئی بھی شرط نہیں رکھی، ڈائیلاگ میں صرف الیکشن کے فریم ورک پر بات ہو گی۔پاکستان میں فوج کی مداخلت بہت زیادہ ہے ‘فوج کو خوددیکھناہوگا کیا اسی طرح رہنا ہے ‘سپریم کورٹ، اسٹیبلشمنٹ کی ذمہ داری ہے الیکشن کرائے، آئین کے تحفظ کا انہوں نے حلف اٹھایا ہوا ہے، اگر یہ نہیں فیصلہ کریں گے تو پھر پاکستان کے عوام کو حقوق کیلئے لڑنا ہو گا۔ایک انٹرویو میں فوادچوہدری کا کہناتھاکہ الیکشن نہ ہونا پاکستان کے ہر شہری کی شکست ہے، نگران حکومت کی مدت ختم ہونے پرعدالت جا رہے ہیں اور اس کے لئے پٹیشن تیار کر لی ہے ۔اگرسپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں ہوتا تو مطلب آئین ختم ہو جائے گا، پاکستان میں آئینی بحران میں مزید اضافہ ہو جائے گا‘الیکشن کمشنر کے گھر کی تزئین و آرائش پر پیسے لگائے جا رہے ہیں۔کوئی شرم اور کوئی حیا ہوتی ہے، ان کی کوئی حیثیت نہیں یہ سارے شطرنج کی چالیں ہیں۔