سیاسی کشیدگی میں کمی کیلئے جماعت اسلامی کا مسلم لیگ (ق) سے رابطہ

19 اپریل ، 2023

لاہور(نمائندہ جنگ )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کی قومی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کی کوششوں کے سلسلے میں ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ سابق گورنر چودھری سرور اور چوہدری سالک حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ رہنماؤں میں ملک میں سیاسی تناؤ کم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال اور عام انتخابات ایک ہی روز کروانے پر اتفاق ہوا۔چودھری شجاعت نے جماعت اسلامی کی قومی مسائل کے حل کیلئے کوششوں کی تحسین کی اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ مذاکرات کیلئے تمام جماعتوں کو اپنی ضد اور انا سے ہٹ کر ملکی ترجیحات کو سامنے رکھنا ہوگا۔ موجودہ سیاسی، آئینی اور معاشی بحرانوں سے نکلنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ عوام کی طرف رجوع کیا جائے۔ ملک مزید کسی سانحے کا متحمل نہیں ہوسکتا، سیاسی جماعتوں نے محاذ آرائی ترک نہ کی تو ملک مزید پیچھے جائے گا اور عوامی مسائل میں اضافہ ہوگا۔ جماعت اسلامی نیک مقصد کے تحت پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سمیت سبھی جماعتوں کو مذاکرات کیلئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی کوشش کررہی ہے ، ہم سمجھتے ہیں کہ سیاسی مسائل کے حل کیلئے اسٹیبلشمنٹ یا عدلیہ نہیں بلکہ سیاستدانوں کو ہی مل بیٹھنا ہوگا۔دھری شجاعت حسین نےکہا کہ ہم بھی سیاسی بحران کو ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملک آگے بڑھ سکے، پہلی دفعہ ہے کہ ملکی ادارے آپس میں دست و گریباں ہیں، یہ حالات ملک کیلئے کسی صورت مناسب نہیں ہیں۔