وفاقی بیوروکریسی میں تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی بیوروکریسی میں تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 20 کے جوائنٹ سیکرٹری کابینہ ڈویژن ندیم احمد ابڑو کا تبادلہکر کے اُنہیں جوائنٹ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 18 کی ڈپٹی سیکرٹری، ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس سعدیہ حیدر کا تبادلہ کر کے اُنہیں ڈپٹی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور آفس مینجمنٹ گروپ گریڈ 18 کی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تقرر کی منتظر خاتون افسر شاہ بانو کو سیکشن افسر پلاننگ ڈویژن تعینات کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کی گریڈ 20 کی خاتون افسر ثمینہ فیاض کی خدمات نیشنل سکول آف پبلک پالیسی اور سندھ حکومت میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 19 کے عابد علی کی خدمات سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرر و تبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں۔