عمران خان اور عاطف خان کی عبوری ضمانت میں توسیع

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ میں سابق وزیراعظم عمران خان اور عاطف خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔ منگل کو سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نعیم حیدر عدالت پیش ہوئے اور عمران خان کے وکلاءکی جانب سے ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، جس پر عدالت نے کہا کہ اسلام ہائی کورٹ میں دائر درخواستوں پر آج سماعت ہے، ہائی کورٹ کے فیصلے تک وقفہ کر دیتے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی استثنیٰ ہے اور یہاں بھی استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ دیکھ لیتے ہیں ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق فیصلہ کر لیتے ہیں۔ دوران سماعت شریک ملزم عاطف خان عدالت پیش ہوگیا جس پر عدالت نے عاطف خان کی حد تک سماعت 4مئی تک ملتوی کر دی۔ اور بعدازاں عدالت نے عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں بھی توسیع کر دی اور سماعت4 مئی تک ملتوی کر دی۔