کچے میں 5 دہشت گرد مارے ، 2 کالعدم TTPکے تھے ،آئی جی پنجاب

19 اپریل ، 2023

لاہور(جنگ نیوز،نمائندہ جنگ)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انکشاف کیا ہے کہ کچے میں مارے گئے 5 دہشتگردوں میں سے 2 کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشتگرد تھے،کچے کا آپریشن نیشنل سکیورٹی کونسل کا فیصلہ ہے، پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہر حد تک جائيں گے۔سندھ اور پنجاب کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کےخلاف پولیس آپریشن 10 ویں روز بھی جاری رہا۔ مزید چار کارندے گرفتار، تین ڈاکو ہلاک ہو گئے،گرفتاریوں کی تعداد 18 ہوگئی پولیس دستوں کی پیش قدمی جاری، پولیس کو جزیرہ نما ٹھکانے پر پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے،ڈی پی او رحیم یارخان رضوان عمر گوندل کے مطابق آپریشن کے دوران کوکانی گینگ کے 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا ہے جن سے دو عدد کلاشن کوف اور متعدد روند برآمد ہوئے، جبکہ پولیس فورس کے دستے کچہ پیش قدمی اورسرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ڈاکو قابل سکھانی کے ٹھکانےکا محاصرہ کر لیا ہے جہاں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کا تبادلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقہ کو شرپسندوں، سماج دشمنوں اور عسکریت پسندوں سے پاک کرنے کیلئے پر عزم ہے۔