اسلام آباد ہائیکورٹ ،NIRC کے ممبر نور زمان کی برطرفی کا حکم معطل

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کے ممبر نور زمان کی برطرفی کا حکم معطل کر دیا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ممبر این آئی آر سی نور زمان کی درخواست پر سماعت کے جاری 7 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ میں اٹارنی جنرل سمیت سینئر وکلا افنان کریم کنڈی اور حافظ عرفات کو عدالتی معاون مقرر کرتے ہوئے 20 اپریل کیلئے نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ عدالت کا کہنا ہے کہ بادی النظر میں برطرفی کا نوٹیفکیشن کر کے درخواست گزار کو اپنے کام سے روکا گیا ، 11اپریل کو وفاقی کابینہ نے نور زمان کے بطور برطرفی کی منظوری دی ، وزارت اورسیز پاکستانیز نے 11اپریل کو برطرفی نوٹیفکیشن جاری کیا ، اس سے قبل وزارت اوورسیز پاکستانیز نے 3 اپریل کو نور زمان کو این آئی آر سی لاہور برانچ ٹرانسفر کیا ، 7 اپریل کو اس عدالت نے ٹرانسفر کا نوٹیفکیشن معطل کیا ۔ عدالت نے فریقین کو 20 اپریل تک جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔