معروف وی لاگر میجر (ر) عادل راجہ کی ملکیتی گاڑیاں، جائیداد ضبط کرنیکا حکم

19 اپریل ، 2023

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) جوڈیشل مجسٹریٹ راولپنڈی محمد شہاب نے امانت میں خیانت اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں نامزد معروف وی لاگر میجر (ر) عادل فاروق راجہ کی ملکیتی گاڑیاں اور جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی کا حکم دے دیا، راولپنڈی کے تھانہ بنی کی پولیس نے چھ جنوری کو ملزم کیخلاف امانت میں خیانت اور مدعی مقدمہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا لیکن ملزم روپوش ہوگیا جس پر عدالت نے دس مارچ کو قانون تقاضے پورے ہونے پر میجر عادل کو باقاعدہ اشتہاری قرار دیتے ہوئے اس کے ناقابل ضمانت دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر کے پولیس کو حکم دیا تھا کہ ملزم کی تمام جائیداد کی تفصیلات عدالت کو فراہم کی جائیں، گزشتہ روز پولیس کی طرف سے عدالت کو فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق تاحال ملزم عادل راجہ کی ملکیتی دو قیمتی گاڑیوں سمیت پانچ جائیدادوں کی تفصیلات سامنے آئی ہیں جس کے مطابق بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں واقع 10 مرلے کا پلاٹ، بحریہ ٹاؤن کمرشل سکوائر میں واقع پانچ مرلہ پلاٹ اور عسکری چار راولپنڈی میں واقع اپارٹمنٹ نمبر 30 ڈی کے علاوہ 2012 ماڈل کی ٹویوٹا ہائی لکس ریوو گاڑی نمبر اے یو وائی 99 اور 2012 ماڈل کی ٹویوٹا ہائی لکس ویگو گاڑی نمبر سی جی 400 ملزم کی ملکیت ہیں جنہیں قرق کرنے کا حکم دیا جائے عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے جائیداد قرقی کیلئے ضابطے کی کارروائی کا حکم دے دیا۔