عدلیہ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری اسی ہفتے پوری کریگی،شیخ رشید

19 اپریل ، 2023

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ عدلیہ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری اسی ہفتے پوری کریگی، ساری قوم عدلیہ کے پیچھے کھڑی ہے ان لوگوں کو پیسے دینے ہونگے الیکشن کیساتھ ساتھ انتظامات بھی کرانا ہونگے، ملک معاشی سیاسی آئینی اقتصادی اور عدالتی بحران کے نرغے میں آگیا ہے اسی ہفتے سپریم کورٹ کا ہونیوالا فیصلہ ملکی حالات کی سمت کا تعین کریگا، اپنے ٹویٹ میں انکا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کو پیسے منتقل کراکے رہے گا جو سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانے گا وہ اپنے انجام کو پہنچے گا سپریم کورٹ ملک کو بحران سے نکالے گی اب 90دن گزر گئے ہیں اور نگران حکومتیں ختم ہوگئی ہیں وہ پارلیمنٹ جس میں ممبر ہی نہیں آتے وہ 85رکنی غیرقانونی کابینہ عدالت کا خاک مقابلہ کریگی جبکہ دوسری طرف مہنگائی اور بیروزگاری پر کوئی اجلاس نہیں ہو رہا، وزیر خزانہ لاپتہ ، وزیر داخلہ اور وزیرقانون عدلیہ کو دھمکیاں دے رہے ہیں وزراء کے بیانات آرٹیکل چھ کو دعوت دے رہے ہیں، انکا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پیٹرول دس روپے اور ایل پی جی بھی سستی ہوئی ہے لیکن ہمارے ہاں یہ چیزیں مزید مہنگی کرکے حکومت نے عوام کا کچومر نکال دیا ہے تاہم بہت جلد عوام ووٹ کی صورت میں انکا کچومر نکال دیگی اسی ہفتے آر یا پار ہو جائیگا۔