قومی اسمبلی،ممبران نے متعدد نجی بل پیش کیے

19 اپریل ، 2023

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) قومی اسمبلی میں منگل کے روز نجی کا رروائی کے دن کئی ممبران نے نجی بل پیش کئے۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے ایوان کی منظوری کے بعد یہ بل مزید کاروائی کیلئے متعلقہ مجالس قائمہ کو ریفر کردیے۔قومی اسمبلی کی رکن آسیہ عظیم نے اسلام آ باد کیلئے اسٹیٹ کونسل ریومنریشن ( معاوضہ ) بل 2023ایوان میں پیش کیا۔ ایوان کی منظوری سے سپیکر نے اسے قائمہ کمیٹی کو ریفر کردیا۔ قادر خان مندوخیل نے ڈرگز ترمیمی بل 2023 قومی اسمبلی میں پیش کیا۔وزیر صحت عبد القادر پٹیل نے مخالفت نہیں کی ۔ سپیکر نے بل کمیٹی کے سپرد کردیا۔ قادر خان مندوخیل نے کہا کہ میک اپ کیلئے منگوائے جانے والے بعض کیمیکلز کینسر کا باعث بن رہے جن کی روک تھام ضروری ہے۔ لیگل پریکٹیشنر اینڈ بار کونسلز ترمیمی بل 2023 قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔ بل قادر خان مندوخیل نے پیش کیا ۔۔اسپیکر کی جانب سے بل کمیٹی کے سپرد کر دیا۔آئی سی ٹی فوجداری استغاثہ سروس بل 2023 آسیہ عظیم نے پیش کیا۔سپیکر نے بل قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا۔مجموعہ تعزیرات پاکستان ترمیمی بل 2023 بھی آسیہ عظیم نے پیش کیا ۔۔اسپیکر کی جانب سے بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ انہوں نے بل کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بتایا کہ بجلی کی چوری کی روک تھام کیلئے ایف آئی آر کٹوانے کیلئے مجاز افسر نامزد کئے گئے ہیں لیکن گیس اور پیٹرول کی چوری کی روک تھام کیلئے نامزد افسروں کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے ایف آئی آرز کااندراج نہیں ہو رہا۔الائیڈ پیشہ واران صحت کونسل ترمیمی بل 2023 مولانا عبدالاکبر چترالی نے پیش کیا۔