کابل میں پاکستانی ناظم الامور کی واپسی ذمہ داریاں سنبھال لیں، اہم پیشرفت

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد (فاروق اقدس)اہم پیشرفت، کابل میں پاکستانی ناظم الامور کی واپسی، ذمہ داریاں سنبھال لیں، تفصیلات کے مطابق افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر متقی جو آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں اپنے ایک وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں ان کی آمد سے قبل اسلام آباد اور کابل کے درمیان سفارتی سطح پر ایک اہم پیشرفت یہ ہوئی ہے کہ افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور عبیدالرحمٰن نظامانی کم وبیش پانچ ماہ بعد واپس کابل پہنچ گئے ہیں۔ یاد رہے کہ عبیدالرحمٰن نظامانی پر گزشتہ سال 2دسمبر کو کابل میں پاکستان کے سفارتخانے پر اس وقت قاتلانہ حملہ ہوا تھا جب وہ سفارتخانے کے لان میں چہل قدمی کر رہے تھے تاہم وہ محفوظ رہے جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہوگیا تھا۔ دفتر خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ ناظم الامور عبیدالرحمٰن نظامانی کو ہی نشانہ بنایا گیا تھا، بعدازاں کالعدم داعش کے خراسان چیپٹر نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ جس کے بعد انہیں وطن واپس بلا لیا گیا تھا۔