کوئٹہ سے عید اسپیشل ٹرین روانہ

19 اپریل ، 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر )کوئٹہ سے عید اسپیشل ٹرین روانہ ہوگئی،آج راولپنڈی پہنچے گی، تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی جانب سے عید اسپیشل ٹرین گزشتہ روز کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے صبح 10 بجے روانہ کردی گئی ،جو 10کوچز پر مشتمل ہے، جس میں 600سے زائد مسافر سوار ہیں ،ٹرین آج12 بجے راولپنڈی پہنچے گی۔پاکستان ریلوے کی جانب سے عید کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے 18 سے27 اپریل کے درمیان 5 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا گیا تھا، پہلی ٹرین کوئٹہ سے راولپنڈی تک اور دوسری کر اچی سے پشاور کینٹ تک 18 اپریل کو چلائی گئی،تیسری عید اسپیشل ٹرین آج 19 اپریل کو کراچی سے لاہور تک چلائی جائے گی، چوتھی عید اسپیشل ٹرین راولپنڈی سے کوئٹہ تک 26 اپریل کو چلے گی۔اور پانچویں عید اسپیشل ٹرین لاہور سے کراچی تک 27 اپریل کو چلائی جائے گی۔