زرغون اسکیم میں محافل ختم قرآن، رہائشیوں کے مصائب میں کمی آئیگی، محمد رمضان ملا خیل

19 اپریل ، 2023

کوئٹہ ( پ ر) زرغون ہاؤسنگ اسکیم کی دونوں مساجد میں روان ماہ رمضان میں تراویح ہوئیں اور ان میں قرآن پاک ختم کیا گیا۔زرغون ہاؤسنگ ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر محمد رمضان ملا خیل نے اپنے بیان میں اسکیم کے رہائشیوں کو تراویح کے انعقاد اور ختم قرآن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ختم قرآن سے اسکیم میں برکت ہو گی اور انشاء اللہ رہائشیوں کے مصائب میں کمی آئے گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے اسکیم کے تمام رہائشیوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اسکیم میں گیس کے حصول کیلئے عدالت میں آئینی درخواست دائر کرنے کیلئے بھر پور تعاون کیا اور اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے چندہ مہم بھرپور طریقے سے کامیاب بنائی۔ انہوں نے کہا ا سکیم میں جو سہولتیں 2017 تک مہیا کر دی جانی چاہئے تھیں رہائشی اسکے لئے آج بھی جد و جہد کر رہے ہیں ۔ اسکیم کو گیس ، پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم رکھنا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کو گیس سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ ہم نے انتہائی مجبوری میں کیا ہے اور گیس کے حصول کیلئے عدالت میں کیس دائر کر دیا گیا ہے اور عید کے بعد انشاءاللہ اس کی بھرپور پیروی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ رہائشیوں کو پانی کی ترسیل کیلئے اسکیم میں ٹیوب ویل کو پروفیشنل بنیادوں پر فعال بنا دیا گیا ہے جس سے پانی کی فراہمی جاری ہے۔ علاوہ ازیں اسکیم میں لگائے گئے نئے درختوں اور پودوں کی بھی مناسب دیکھ بھال کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے عید الفطر کے بعد سیکورٹی آڈٹ کرایا جائیگا جس میں پولیس ، کیو ڈی اے اور ایسوسی ایشن کے ارکان حصہ لیں گے۔ اسکیم کے تمام چوکیداروں کو رجسٹر کیا جائیگا اور تمام رہائشیوں اور زیر تعمیر رہائشگاہوں کے مالکوں کو اعتماد میں لے کر ایک مشترکہ سیکورٹی پلان مرتب کیا جائیگا تاکہ سیکورٹی کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے سامنے کی سرہ غڑگئی کی جانب خار دار تار لگانے کا منصوبہ بھی انشاء اللہ عید کے بعد شروع ہو گا اور اسکیم کی مختلف جگہوں سے ٹوٹی ہوئی دیواروں کی بھی مرمت کی جائیگی اسی طرح اسکیم میں چھائے اندھیرے دور کرنے کیلئے اسٹریٹ لائٹس کے منصوبے پر بھی مستقل بنیادوں پر عمل درآمد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم میں آواراہ پھرنے والے مال مویشیوں کی آمد بھی روکنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے تاکہ اسکیم میں لگے درختوں اور پارکوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کابینہ اسکیم میں بہتری کیلئے بھرپور کام کر رہی ہے۔ تاہم رہائشیوں کی رائے اور مشورے بھی انتہائی اہم ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ ہمیں اسکیم کے رہائشیوں کے گرانقدر مشورے ملتے رہینگے اور ان کا بھرپور تعاون حاصل رہیگا۔