حکمران اتحادکاباہمی اتفاق رائے تک پی ٹی آئی سے مذاکرات نہ کرنیکا فیصلہ

19 اپریل ، 2023

اوکاڑہ(وارث حیدری) منقسم رائے کے پیش نظر حکمران اتحاد کاباہمی اتفاق رائے قائم ہونے تک پی ٹی آئی سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ،ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ حکمران اتحاد کی جماعتیں اگرچہ گزشتہ روز کے اجلاس میں واضح تقسیم کا شکار نظر آئیں، تاہم اہم ترین بات تمام قائدین کا یہ یکساں مؤقف تھا کہ عمران خان کے ساتھ مذاکرات پر حکمران اتحاد کو قربان نہیں کیا جا سکتا جو گزشتہ ایک سال سےمختلف بحرانوں سے نبرد آزما ہے،جب تک تمام جماعتیں ایک نکتے پر متفق نہ ہوں کسی بھی سطح پر مذاکرات نہیں کئے جائیں گے، اتفاق ہونے کی صورت میں مذاکرات مشترکہ کمیٹی کرے گی،ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کمیٹیاں جماعت اسلامی کے ساتھ رابطے میں رہیں گی جبکہ آصف زرداری اتحاد ی جماعتوں کو مذاکرات پر آمادہ کرنے کیلئےاگلے چند دنوں میں سیاسی ملاقاتیں شروع کریں گے،ذرائع کا کہنا ہے کہ حکمران اتحاد پر امید ہے کہ عید الفطر کی چھٹیوں میں ملکی منظر نامے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہو سکتی ہیں،قائدین کو ہمہ وقت دستیابی کا کہہ دیا گیا ، سربراہی اجلاس کسی بھی وقت بلایا جا سکتا ہے۔