پولیس سے فائرنگ کا تبادلہ،2 رہزن ہلاک عوام کے تعاون سے جرائم کا خاتمہ کرینگے، زوہیب محسن

19 اپریل ، 2023

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) پشتون آباد میں پولیس اور رہزنوں میں فائرنگ کا تبادلہ دو رہزن ہلاک ایک زخمی حالت میں گرفتار ‘ اسلحہ ‘ موبائل فون اور موٹرسائیکل قبضے میں لے لئے گئے فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ۔ ہلاک ہونیوالے رہزن موبائل اور موٹرسائیکلیں چھیننے کے متعدد واقعات میں ملوث تھے پولیس کے مطابق پشتون آباد میں گزشتہ روز پولیس اور رہزنوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک رہزن عطا محمد موقع پر ہی ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے جنہیں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار عبدالسلام زخمی ہوا ۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پرپہنچ کر لاش اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا ۔ جہاں زخمی رہزن عطااللہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا پولیس نے اسلحہ ٗ موبائل فونز اور موٹرسائیکل قبضے میں لے لئے۔ ایس ایس پی آپریشنز زوہیب محسن نے جنگ کوتفصیلات بتائے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب پولیس کے تین جوان پشتون آباد میں گشت کر رہے تھے اس دوران ایک شہری شور مچاتا ہوا آیا اور جوانوں کو بتایا کہ تین موٹرسائیکل سواروں نے اس سے موبائل فون چھین لیا جس پر پولیس کے جوانوں نے تعاقب کیا رہزنوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل عبدالسلام زخمی ہو گیا جبکہ دیگر جوانوں نے بھی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک رہزن عطا محمد موقع پر ہی ہلاک جبکہ دو رہزن عطا اللہ اور نور خان شدید زخمی ہو گئے ہسپتال میں دوران آپریشن عطاللہ بھی ہلاک ہو گیا جبکہ تیسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے لاشیں سول ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھوا دی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی انہوں نے کہا کہ رواں ماہ درجنوں گاڑیاں و موٹرسائیکلیں اور چوری ڈکیتی میں ملوث گروہ کے 30سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے لوٹی ہوئی رقم ٗ اور دیگر سامان برآمد کر لیا گزشتہ دنوں غوث آباد میں موبائل فونز شاپ پر ڈکیتی کرنے والے ڈکیت کو گرفتار کر کے 51موبائل فونز برآمد کئے انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں سیکورٹی اور گشت میں اضافہ کر دیا جبکہ اسپیشل ناکے بھی لگائے گئے ہیں عوام کے تعائون سے شہر کو جرائم سے پاک کیا جائے گا۔