کوئٹہ:مردم و خانہ شماری میں آبادی کا کم ہونا المیہ ہے آل پارٹیز

19 اپریل ، 2023

کوئٹہ(سٹی ڈیسک)چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی صدارت میں  سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں خانہ ومردم شماری میں کوئٹہ کی آبادی کم ہونے کی وجوہات اور اس کے سد باب کے حوالےسے اجلاس ہوا جس میں جمعیت کے صوبائی سرپرست اور ضلع کوئٹہ کے امیرمولانا عبدالرحمن رفيق صوبائی جوائنٹ سیکرٹری مولانا خورشید احمد ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ بی این پی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے میر غلام نبی مری پشتونخوامیپ کے صوبائی جوائنٹ سیکرٹری حضرت عمر اچکزئی ایڈووکیٹ کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمان کمشنر محکمہ شماریات نوراحمد پرکانی ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ اور دیگر نے شرکت کی اجلاس میں اب تک خانہ ومردم شماری کےلئے ہونیوالے اقدامات اور مشکلات و کوتاہیوں کی نشاندہی اور ان کی سدباب پر سیر حاصل گفتگو کی گئی انتظامیہ اور سیاسی جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کوئٹہ کے عوام نے غفلت و لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس اہم قومی فریضے میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور کوئٹہ کی آبادی بڑھنے کی بجائے کم ہوگئی جو بہت بڑا المیہ ہے۔اس موقع پر آل پارٹیز کے قائدین نے اجلاس میں مطالبہ کیا کہ عید کی چھٹیوں کے فوراً بعد مردم شماری کی مدت میں ایک ماہ کی مزید توسیع دی جائے تاکہ کوئٹہ غفلت وکوتاہی کا ازالہ کیاجاسکے چیف سیکرٹری نے مطالبہ کو منظور کرانے کے لئے وفاقی حکومت سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی اور سیاسی جماعتوں کی جانب‌ سے کئی مقامات پر ٹیمیں نہ پہنچنے کی نشاندہی کرنے پر موقع پر احکامات جاری کئے اور افسران کی کمی کی شکایت پر مزید افسران کی تعیناتی کے احکامات بھی جاری کئے اور مردم شماری کی شفافیت کو یقینی بنانے اور رہ جانے والے علاقوں کی مردم شماری مکمل کرنے کیلئے انتظامیہ ، سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی کوآرڈینیشن کمیٹی بنائی گئی ۔ عید کے فوراً بعد سیاسی جماعتوں اور متعلقہ محکموں کے ذمہ داروں کا اجلاس بلانے کے احکامات بھی جاری کئے۔