ہمارے طلباء بلوچستان کے روشن مستقبل کا عکس ہیں، ڈاکٹر عبدالرحمن خان

19 اپریل ، 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر ) قائم مقام وائس چانسلر بیوٹمزڈاکٹر عبدالرحمٰن خان نے کہاہے کہ ہمارے طلباء بلوچستان کے روشن مستقبل کا عکس ہیں، بیوٹمز کے طلباء دیگر علوم کے ساتھ ساتھ فنون لطیفہ اور دیگر شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر کے دنیا بھر کی توجہ بلوچستان کی جانب مرکوز کروارہے ہیں،یہ بات انھوں نے گذشتہ روزشعبہ فائن آرٹس کے طلباء و طالبات کی جانب سے تصویری نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، انھوں نے کہاکہ نوجوانوں میں تخلیقی و تعمیری رجحانات اور جدید علوم پر دسترس بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنسز(بیوٹمز)کی اولین ترجیح ہے طلباء کو ان کی دلچسپی کے مطابق تعلیمی مواقع اورمعیاری رہنمائی سے ہی ہمارے طلباء ہر شعبے میں ان گنت کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں ، انھوں نے طلباء و طالبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ثقافتی اعتبار سے ملک کا ایک منفرد صوبہ ہے طلباء و طالبات کی مصوری میں بلوچستان کی جھلک نظر آتی ہے۔انھوں نے کہاکہ نوجوان كسى بهى قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، معاشرے میں نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے، اپنے معاشرے کا مغز ہوتے ہیں۔اپنے سماج کا آئینہ ہوتے ہیں اور سوسائٹی کا عظیم اثاثہ ہوتے ہیں۔معاشرے کی نشونما، معاشرے کی بقا اس کی صلاح و فلاح، اس کا مستقبل انہیں کے دامن سے وابستہ ہوتا ہے تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے جس كے ذريعے بے روز گارى، جہالت،ناانصافی، دہشتگردی اور ظلم کا خاتمہ کر کے دنیا کو امن کا گہوارہ بنايا جاسكتا ہے. دنیا کی ترقی یافتہ قومیں اپنے ملک و معاشرے کی ترقی، استحکام اور امن کے قیام کےلئے اپنے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر خاص توجہ دیتی ہیں ، اور ان کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی اقدامات کرتى ہے، کیونکہ اگر نوجوان صحيح راستہ سے ہٹ جائیں تو معاشرہ عدم استحکام کا شکار ہو جاتا ہے۔اس موقع پر رجسٹرار بیوٹمز ڈاکٹر زاہد رؤف،ڈائریکٹر فائن آرٹس کلیم خان اور دیگر پروفیسرز کے علاوہ طلباء کی کثیر تعدادنے اس نمائش کو دیکھا اور پسند کیا ان تصویروں میں جہاں موجودہ حالات کا تذکرہ کیا گیا ہے،وہاں بلوچستان کی ثقافت کو بڑے جامعہ انداز میں پیش کیا گیا یہ نمائش بنیادی طور پر ورلڈ ہیری ٹیج ڈے کے حوالے سے منعقد کی گئی تھی۔