ہلال احمر کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ افراد میں راشن تقسیم کیا گیا ‘سردار شاہد

19 اپریل ، 2023

جعفر آباد(پ ر) ہلال احمر پاکستان کے زیر اہتمام رمضان المبارک میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان و راشن پیکچ کی تقسیم مکمل ہوچکی ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین ہلال احمر سردار شاہد احمد لغاری کی ہدایت پر بلوچستان کے ضلع نصیر آباد اور جعفر آباد میں دو ہزار انتہائی متاثرہ گھرانوں میں 51 کلو گرام کا راشن پیکج کی تقسیم کو مکمل کر لیا گیا۔ ایک راشن پیکج میں آٹا، چاول، کوکنگ آئل، چینی، دالیں، چائے، نمک کے علاوہ مصالحہ جات شامل ہیں. اِس موقع پر چئیرمین ہلالِ احمر سردار شاہد احمد لغاری کا کہنا تھا کہ ہلالِ احمر انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ سے پیش پیش ہے۔متاثرین سیلاب کی مدد، خدمت اوّلین ترجیح ہے۔ ہلالِ احمر نے بلا امتیاز، بلا تفریق، بلا رنگ ونسل ہر متاثرہ گھرانے کی مدد کی ہے اور کررہے ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، طبّی سہولتیں، صحت و صفائی کے سامان کی تقسیم اور نفسیاتی امداد کے علاوہ گھریلو ضرورت کا سامان بہم پہنچا رہے ہیں۔ رمضان المبارک میں صوبہ سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہزاروں خاندانوں میں امدادی سامان اور راشن پیکج تقسیم کیا گیا۔