قلعہ سیف اللہ :بجلی کی لوڈ شیڈنگ، زمیندارایکشن کمیٹی نے احتجاجاً روڈ بلاک کردیا

19 اپریل ، 2023

قلعہ سیف اللہ(نامہ نگار)زمیندار ایکشن کمیٹی نے بجلی کی کمی خلاف مین جنکشن چوک کو ٹریفک کیلئے احتجاجاً بند کردیا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبداللہ جان میرزئی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا زمینداروں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے اور زمینداروں کو مکمل طور پر تباہ کیاجارہا ہے پچھلے دو ماہ سے زمینداروں کو صرف 3 گھنٹے بجلی دی جارہی ہے جو زمینداروں کے معاشی قتل کے مترادف ہے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور میں معاہدہ ہوا تھا کہ زرعی فیڈرز پر 6 گھنٹے بجلی اور 6 ہزار روپے بل جمع کیا جائے گا بدقسمتی سے زمیندار ہزار روپے بل جمع کرارہے ہیں لیکن بجلی فراہم نہیں کی جارہی انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر لیاقت علی کاکڑ کی موجودگی میں گزشتہ ماہ واپڈا ایگزیکٹو انجینئر کے ساتھ معاہدہ کیا گیا کہ بلز ادائیگی کی صورت میں 6 گھنٹے بجلی دی جائے گی ہم نے 75 لاکھ روپے بل کی صورت میں جمع کئے لیکن واپڈا نے دو دن واپس بجلی کی فراہمی 3 گھنٹے کردی اور ایگزیکٹو انجینئر اور ایس ڈی او کوئٹہ چلے گئے اور ڈپٹی کمشنر فون تک نہیں اٹھاتے انہوں نے کہا کہ بجلی بحال نہیں ہوئی تو کل تمام گرڈ اسٹیشنز کا گھیراؤ کرینگے۔