اسرائیل، فلسطین امن مذاکرات کیلئے سہولت کاری پر تیار ہیں،چین، سعودی وزیر خارجہ کی دمشق آمد، شامی صدر سے ملاقات

19 اپریل ، 2023

بیجنگ(جنگ نیوز)ایران سعودیہ سفارتی تعلقات بحالی کے بعد چین نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات میں ثالثی یا سہولت کاری کا کردار ادا کرنے کی پیشکش ہے تاکہ برسوں سے جاری کشیدگی کا خاتمہ کرکے خطے میں امن کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے وزیر خارجہ کن گینگ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تقریباً ایک دہائی کے بعد دوبارہ امن مذاکرات شروع کرنے میں مدد کے لیے تیار ہیں۔چین کے وزیر خارجہ کن گینگ نے اسرائیلی اور فلسطینی ہم منصبوں سے الگ الگ ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ ان کا ملک امن مذاکرات میں ثالث یا سہولت کاری فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔اس موقع پر اسرائیلی اور فلسطینی وزرائے خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب کی پیشکش کا خیر مقدم کیا۔ٹیلی فونک گفتگو میں اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے چین کی ثالثی میں مذاکرات کی بحالی کو حوصلہ افزا قرار دیا جب کہ فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے کہا کہ چین کی ثالثی میں جلد از جلد مذاکرات کی بحالی کی حمایت کرتے ہیں۔