اسلام آباد ہائیکورٹ، عمران کی 8مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے دہشت گردی دفعات کے تحت درج آٹھ مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ عدالت نے کہا اگر آئندہ سماعت پربھی عمران خان پیش نہ ہوئے تو ضمانت منسوخ کردی جائے گی۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے عمران خان کی آٹھ مختلف مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کی۔ عمران خان گزشتہ عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہوئے اور وکلا کے ذریعے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ وکلا نے مئی کے پہلے ہفتے تک عمران خان کی ضمانت میں توسیع کی استدعا کی جس پر چیف جسٹس نے کہا ہم آپ کو پہلے ہی غیر معمولی ریلیف دے رہے ہیں۔ آپ کو حتمی ریلیف انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ملے گا۔ خود کو شرمندہ نہ کیجئے گا نہ ہی ہمیں۔