سیاسی کشیدگی میں کمی کیلئے جماعت اسلامی کا ق لیگ سے رابطہ

19 اپریل ، 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کی قومی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کی کوششوں کے سلسلے میں ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ سابق گورنر چودھری سرور اور چوہدری سالک حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ رہنماؤں میں ملک میں سیاسی تناؤ کم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال اور عام انتخابات ایک ہی روز کروانے پر اتفاق ہوا۔چودھری شجاعت نے جماعت اسلامی کی قومی مسائل کے حل کیلئے کوششوں کی تحسین کی اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ مذاکرات کیلئے تمام جماعتوں کو اپنی ضد اور انا سے ہٹ کر ملکی ترجیحات کو سامنے رکھنا ہوگا۔چودھری شجاعت حسین نےکہا کہ ہم بھی سیاسی بحران کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔پہلی دفعہ ہے کہ ملکی ادارے آپس میں دست و گریباں ہیں، یہ حالات ملک کیلئے کسی صورت مناسب نہیں ہیں۔