داخلی راستوں پر اضافی سیکورٹی انظامات سندھ ٹول پلازہ سرولینس پروجیکٹ کی منظوری

19 اپریل ، 2023

کراچی ( نمائندہ جنگ) سندھ کےداخلی راستوں پر سیکورٹی انتظامات میں اضافے کے لئے سندھ ٹول پلازہ سرویلنس پروجیکٹ کی منظوری ، صوبے کے 40 ٹول پلازوں پر1.6 ارب کی لاگت سے سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہو نگے ،وزیر اعلیٰ سندھ نے پولیس کے لئے جدید ترین فیلڈ ہتھیاروں اور نگرانی کے آلات کی خریداری کے لیے 2.7 ارب روپے کی اسکیم بھی منظور کر لی ،تفصیلات کے مطابق منگل کووزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک اجلاس ہوا ،جس میں آئی جی پولیس غلام نبی میمن، سیکرٹری داخلہ سعید منگنیجو، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، ایڈیشنل آئی جی (انوسٹی گیشن) منیر شیخ، سیکرٹری خزانہ ساجد جمال ابڑو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں داخلی راستوں پر سیکورٹی بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ صوبے میں 40 ٹول پلازے ہیں جہاں مناسب نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے ہائی ڈیفینیشن سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں۔آئی جی پولیس غلام نبی میمن نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ان کے محکمے نے 1.56 بلین روپے کا سندھ ٹول پلازہ سرویلنس پروجیکٹ تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں میں فل فریم (ایف آر) اور آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن (اے این پی آر) کی صلاحیت موجود ہوں گی جن میں بلیک لسٹ گاڑیوں اور مجرموں کے لیے سینٹرالائزڈ مانیٹرنگ اینڈ الرٹ سسٹم ہوگا۔ اجلاس میں تفتیش کاروں کو تفتیشی الاؤنس دینے پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں تفتیش کاروں کو تفتیشی الاؤنس دینا چاہتا ہوں۔ اس پر سیکریٹری داخلہ سعید منگنیجو نے کہا کہ اس حوالے سے اسکیم تیار کرکے محکمہ خزانہ کو بھیج دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سیکرٹری خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ اسکیم کو فوری طور پر منظوری کے لیے بھیجیں۔اجلاس میں آئی جی پولیس نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری سے جدید ترین فیلڈ ہتھیاروں اور نگرانی کے آلات کی خریداری کے لیے 2.7 ارب روپے کی اسکیم تیار کر کے محکمہ داخلہ کے ذریعے محکمہ خزانہ کو بھجوائی گئی ہے۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے اسکیم کی منظوری دے دی ہے اور چاہتے ہیں کہ پولیس کچے کے علاقے سے ڈاکوؤں کا مکمل خاتمہ کرے۔