اسٹاک مارکیٹ ،منتخب خریداری سے تیزی ،201 پوائنٹس کا اضافہ

19 اپریل ، 2023

کراچی ( نمائندہ جنگ) پاکستان اسٹاک ایکس چینج،محدود کاروبار لیکن منتخب خریداری سے مارکیٹ میں تیزی کا رحجان ،کے ایس ای100انڈیکس میں 201 پوائنٹس کا اضافہ،50.98 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی،سرمایہ کاری مالیت میں بھی 17 ارب 66 کروڑ 37 لاکھ روپے کا اضافہ، کاروباری حجم 28.74 فیصد کم رہا، تفصیلات کے مطابق ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کے باعث مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی زیادہ دلچسپی نظر نہیں آرہی،کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو بھی سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کے باعث کاروبار بہت محدود رہا،تاہم وزیر اعظم کی جانب سے دوست ممالک سے فنانسنگ کی تصدیق کے باعث اچھی امیدوں پر کچھ من پسند سیکٹرز میں منتخب خریداری دیکھنے میں آئی جس سے مارکیٹ میں تیزی ریکارڈ کی گئی ،اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 201.38 پوائنٹس کے اضافے سے 40448.05 پوائنٹس پر آکر بند ہوا،کے ایس ای30انڈیکس بھی 88.05 پوائنٹس بڑھنے کے بعد 14992.38 پوائنٹس سے بڑھ کر 15080.43 پوائنٹس پر آگیااور آل شیئرز انڈیکس 122.22 پوائنٹس کے اضافے سے 26678.48 پوائنٹس ہو گیا ،مارکیٹ میں 306 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا،156 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ،130 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 20 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ،تیزی کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 17 ارب 66 کروڑ 37 لاکھ 35ہزار روپے کے اضافے سے 6136 ارب 11 کروڑ 56 لاکھ 71ہزار روپے ہو گئی تاہم محدود کاروبار کے باعث کاروباری حجم 9 کروڑ 47لاکھ 81ہزار شیئرز سے کم ہو کر 6 کروڑ 75 لاکھ 36 ہزار شیئرز پر آگیا اس طرح پیر کی نسبت اس میں 2 کروڑ 72 لاکھ 44ہزار شیئرز کی کمی ریکارڈ کی گئی ،منگل کو کاروباری حجم کے لحاظ سے کے۔الیکٹرک،ورلڈکال، ہیسکول پیٹرول،آغا اسٹیل اور داتا ٹیکسٹائل سر فہرست رہے ،مارکیٹ میں سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت میں اضافہ نیسئلے پاکستان اور سفائر فائبر کے شیئرز کی قیمت میں ہوا جو کہ 100.00 روپے اور 71.75 روپے فی شیئرز تھا جبکہ سب سے زیادہ کمی یونی لیور اور خیبر ٹیکسٹائل کے شیئرز کی قیمت میں ہو ئی جو کہ 246.00 روپے اور 51.75 روپے فی شیئرز تھی۔