کچہ میں پولیس کی پیش قدمی جاری، مزید چار ملزمان گرفتار ‘ڈاکوئوں کےٹھکانے تباہ

19 اپریل ، 2023

رحیم یار خان ، محمد پور دیوان،ڈیرہ غازیخان(نمائندہ جنگ،نامہ نگاران)کچہ آپریشن کے دسویں روز پولیس کے تازہ دم دستوں کی چک کپڑا اور خیر پور بمبلی میں پیش قدمی جاری۔ پولیس نے مزید چار کارندے گرفتار اور ڈاکوئوں کے ٹھکانے تباہ کردیئے، پولیس دستوں نے شدید لڑائی کے بعد چک کپڑا اور خیر پور بمبلی کاکنٹرول سنبھال لیا،قابل سکھانی کے گرد گھیرا تنگ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق راجن پور کچہ کے علاقہ میں آر پی او کیپٹن (ر)سجاد حسن خان کی زیر کمانڈ آپریشن کامیابیاں سمیٹتے ہوئے دسویں روز میں داخل ہو چکا ہے۔ پولیس کی پیش قدمی کے دوران درجنوں مقامات پر کچہ کرمنلز اور پولیس فورس کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔ پولیس نے نو گو ایریا سمجھے جانے والے کچی مورو، کچہ جمال اورچراغ شاہ کے علاقوں کی ہزاروں ایکڑ اراضی کو کچہ کرمنلز سے کلیئر کروا کر پکٹس قائم کر دی ہیں ۔ آپریشن کے دسویں روز آر پی او کیپٹن (ر)سجاد حسن خان اور ڈی پی او راجن پور مہر ناصر سیال کی زیر کمانڈ جدید ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیوں سے لیس پولیس کے تازہ دم دستوں نے چک کپڑا اور خیر پور بمبلی کے نوگو ایریا سمجھے جانے والے علاقوں میں پیش قدمی کی ۔