ستیا پال کا مودی پر الزام پاکستان کی بے گناہی کا ثبوت ہے،سینیٹرعبدالقادر

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد (پ ر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پٹرولیم و ریسورسز اور بین الاقوامی سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پلوامہ کے حوالے سے مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیا پال ملک نے جو ہوش ربا انکشافات کئے ہیں ان سے پاکستان کی بےگناہی اورمودی کی پاکستان کےخلاف گہری سازش ثابت ہوتی ہے، ستیاپال نے بھارتی فاشسٹ حکمران نریندر مودی پر کھلا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کا طرز حکمرانی خطے کے امن کے لئے خطرہ ہے ،ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ستیا پال ملک کا مودی پر الزام دراصل الزام ہی نہیں پاکستان کی بے گناہی کا ثبوت ہے، پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور اپنے ہمسایوں کے ساتھ متوازن مثبت تعلقات کے فروغ پر یقین رکھتا ہے، پلوامہ کا واقعہ بھارتی حکمرانوں کے کشمیر میں ڈھائے جانے والے ظلم کا ردعمل ہوسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے باسی بھارتی تسلط کے خاتمے کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی بھارت کے اندر سلگتے علیحدگی پسند حالات کو ہوا نہیں دی، بھارت کےاندرونی علیحدگی پسند حالات کی وجہ سے ملک کے طول و عرض میں جگہ جگہ امن وامان کی صورتحال پیدا ہوتی رہتی ہے، پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کے بھارتی روئیے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سانحہ کولکتہ ہو یا سانحہ پلوامہ یہ بھارتی حکمرانوں کی منفی سیاست اور پالیسیوں کا شاخسانہ ہیں،انہوں نے کہا کہ بی جے پی نفرت, تعصب اور تقسیم کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،مودی کی سیاست اسی سیاسی فلسفے کی عکاس ہے، ان کا کہنا تھا کہ جب بھی بھارتی سیاستدانوں کو انتخابات کے حوالے سے میدان عمل میں اترنا ہوتا ہے وہ پاکستان مخالف نفرت انگیز بیانیہ متعارف کروا دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اسی نفرت نے دونوں ایٹمی قوتوں کو متعدد بار تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا، ستیا پال کے الزامات دراصل بھارت کی نفرت انگیز سیاست کاچہرہ دکھاتے ہیں۔