سیاسی قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں کردار ادا کرے، جعفر مندوخیل

19 اپریل ، 2023

کوئٹہ (آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن بلوچستان کے صوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل نے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی قیادت مل بیٹھ کر ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرے، جماعت اسلامی سمیت جو بھی سیاسی جماعت موجودہ حالات میں مثبت کردار ادا کررہی ہے یہ قابل تحسین ہے اور اس سے جمہوری عمل مضبوط ہوگا اگر قیادت میں ملک کو موجودہ بحرانوں سے نہیں نکالنا تو اس کے نقصان سے ملک اور عوام دونوں کا نقصان ہوگا، مردم شماری ہونی چاہئے اور اس کی مدت بڑھائی جائے تاکہ عوام خانہ شماری میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی سیکرٹریٹ میں بات چیت کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے جمہوریت اور ایماندار قیادت کی اشد ضرورت ہے جب قیادت ایماندار ہو تو مسائل حل ہوسکتے ہیں اس وقت حالات کو دیکھا جائے تو ملک بحرانوں سے دوچار ہے جسکی وجہ سے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور اس بحران سے عوام متاثر ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا مگر موجودہ سیاسی قیادت میں جمہوری انداز سے ملک کو چلانے کیلئے ملک کو ڈیفالٹ سے بچالیا ،انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ ہم ایک دوسرے کا ساتھ دیکر ملک کی بہتری کیلئے سوچیں، انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈر پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صبر اور تحمل کے ساتھ ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ اسوقت ملک میں مردم شماری ہو رہی ہے اور مردم شماری کی مدت کو بڑھایا جائے کیونکہ بلوچستان دور دراز علاقوں پر مشتمل ہے اور مردم شماری ٹھیک نہ ہونیکی وجہ سے اسکے منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور مردم شماری میں عوام بھرپور بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔