لاہور سے کوئٹہ آنیوالے مسافروں کی فلائٹ کینسل کرنا قابل مذمت ، جمعیت

19 اپریل ، 2023

کوئٹہ (پ ر )جمعیت ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے پی آئی اے حکام کی جانب سے عید منانے کیلئے لاہور سے کوئٹہ آنے والے مسافروں کی فلائٹ کینسل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی روز قبل ٹکٹ لینے کے باوجود کوئٹہ کی فلائٹ کو اڑان سے قبل کینسل کرکے کسی اور شہر کو دینا کوئٹہ کے عوام کے ساتھ امتیازی اور غیر مہذبانہ سلوک ہے جس پر جے یوآئی شدید احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہوئے معاملے کو وفاقی سطح پر اٹھانے کے لیے بالائی جماعت سے رابطہ کرے گی، ترجمان نے کہا کہ لاہور انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر موجود کوئٹہ کے مسافروں کو اذیت سے دوچار کردیاگیاہے،جس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان مسافروں کو متبادل فلائٹ فراہم کرکے ان کی عید کی خوشیوں کو غم وپریشانی میں تبدیل نہ کیاجائے، کیوں کہ دیگر تمام ٹرانسپورٹ پہلے سے بک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں رہنے والے برابر کے شہری ہیں سب کے حقوق آئینی و انسانی طور پر یکساں ہیں ،امتیازی اور نسلی تفرقات کے باعث ملک پہلے سے متاثر ہے، لہذا پی آئی اے حکام کو ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہئے۔