مانسہرہ، اندھے قتل کا ڈراپ سین، سفاک قاتل سگا بھائی نکلا، اسلحہ سمیت گرفتار

19 اپریل ، 2023

مانسہرہ (نمائندہ جنگ) مانسہرہ کے علاقہ لساں نواب اندھے قتل کا ڈراپ سین ، سفاک قاتل سگا بھائی گرفتار ، آلہ قتل کلاشنکوف بھی برآمد ۔ ملزم ریاست نے اپنے سگے بھائی شکیل کو جو کہ اپنے مال مویشی کی بانڈی میں سویا ہوا تھا کو کلاشنکوف سےاندھا دھند فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ سحری کے وقت مقتول اور ملزم کا والد عبدالرشید اپنے بیٹے کے لیے سحری کا کھانا لے کر پہنچا تو اس کا بیٹا شکیل خون میں لت پت اپنی چارپائی پر مردہ حالت میں پڑا ہوا تھا۔ پولیس نے اندھے قتل کی رپورٹ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا اور ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔ ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ میں جائیداد میں سے اپنا حصہ مانگ رہا تھا میرا باپ تو جائیداد میں بٹوارے کے حق میں تھا مگر میرابھائی مجھے حصہ نہیں دینا چاہتا تھا جس پر طیش میں آ کر میں نے بھائی کو راستے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا اور بالآخر موقع ملتے ہی میں نے اسے رات کی تاریکی میں موت کے گھاٹ اتار دیا۔