مردم شماری میں کوئٹہ کی آبادی22لاکھ سے کم ہوگئی‘ بی این پی

19 اپریل ، 2023

اسلام آباد(پ ر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ 2017ءکی مردم وخانہ شماری میں کوئٹہ کی آبادی 22لاکھ سے زائد تھی مگر پانچ سال بعد کوئٹہ کی آبادی بڑھنے کی بجائے کم ہو گئی جو کوئٹہ کے عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے ،عید کی چھٹیاں شروع ہونے کو ہیں، کوئٹہ میں خانہ ومردم شماری کی مدت میں توسیع ضروری ہے محکمہ شماریات کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان علاقوں جہاں خانہ شماری و مردم شماری شروع نہ ہو سکی ان کو مکمل کرنے کیلئے مردم شماری کا سلسلہ جاری رکھے کیونکہ بعض علاقوں کے بنیادی حقوق کو سلب کرنے کے مترادف عمل ہو گا جو کسی صورت قابل قبول نہیں، بی این پی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے اکابرین ، رہنماء، کارکن ، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کوئٹہ کی آبادی کو کم کرنے کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔بیان میں کہا گیا کہ جس طرح کراچی کو کئی بار خانہ و مردم شماری مکمل کرنے کیلئے وقت دیا گیا اسی طرح کوئٹہ میں یہ مرحلہ مکمل ہونے تک مردم شماری کا عمل جاری رکھا جائے اس کے برعکس یقیناً عوامی نمائندے اور سیاسی جماعت ہونے کے ناطے زیادتیوں و ناانصافیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔