وڈیرہ یا سردار کا بیٹا ہوتا تو آج جیل سے باہر ہوتا‘ مولانا ہدایت الرحمان

19 اپریل ، 2023

گوادر(این این آئی) حق دو تحریک کے بانی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ میر، وڈیرہ اور سردار کا بیٹا ہوتا شاید آج جیل سے باہر ہوتا، آئین اور قانون پر چلنے والے سیاسی لوگ ہیں، ریاست، عدالت و آئین کو مانتا ہوں کہ باربار عدالتوں کے سامنے پیش ہورہا ہوں کہ انصاف ملے گاجس دن عدالتوں سے میرا اعتبار اٹھ گیا تو میں بھی پہاڑوں کا رخ کروں گا، مسلسل ضمانت مسترد ہونے پر افسوس ہوتا ہے،جدوجہد سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوادر سیشن کورٹ میں پیشی کے دوران میڈیا اور کارکنوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری ضمانت اس لئے مسترد ہورہی ہے کہ میں میر،نواب،چوہدری اور کسی سردار نہیں بلکہ ایک عام سیاسی کارکن و گوادر کے مچھیرے کا بیٹا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں چاہوں توعمران خان کی طرح دس بیس ہزار لوگ لاسکتا ہوں مگر میں اس لئے اس طرح کے اقدام سے گریز کررہا ہوں کہ میں آئین و قانون کو مانتا ہوں اور دوسری جانب پولیس اپنے گواہان کو پیش نہیں کررہی اور تاخیری حربے استعمال کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا جو عدالتوں کو نہیں مانتے وہ آج اسلحہ اٹھا کر پہاڑوں پر لڑ رہے ہیں۔ میں ریاست، عدالت و آئین کو مانتا ہوں کہ ہر بار پیش ہورہا ہوں کہ مجھے انصاف ملے گاجس دن میرا اعتبار اٹھ گیا تو میں بھی پہاڑوں کا رخ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ کسی کو اگر یہ امید ہے کہ جیل کی صعوبتوں سے تنگ آکر میں معافی مانگوں گا تو یہ اسکی خام خیالی ہے، جیل سے میری لاش نکلے گی مگر عوام کے حقوق کی جدو جہد سے دستبردار نہیں ہوں گا۔