حکومت عوام کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ، جمعیت نظریاتی

19 اپریل ، 2023

کوئٹہ (آئی این پی ) جمعیت علما اسلام نظریاتی ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا قاری مہراللہ جنرل سیکرٹری حاجی حبیب اللہ صافی شیخ الحدیث مولانا سراج الدین، مولانا نیازمحمد مولانا خداے نظر، حاجی عبیداللہ حقانی، مولانا حافظ عبیداللہ، آغا ابراہیم شاہ، مولانا محمدابراہیم حاجی نادر خان اچکزئی حاجی محمد نور اخونذادہ، مولانا رحمت اللہ حقانی، حاجی منہاج الدین، حاجی فیض اللہ، مفتی محمد حسن، مولانا محمد صادق ودیگر نے ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں اور گرفتاریاں اور مسروقہ سامان کی برآمدگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر پولیس اور لیویز کی کارروائیاں قابل ستاش ہیں ، جرائم پیشہ کے خلاف مزید گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت ہے ،عوام سے بھی اپیل کی کہ جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی اور معاشرہ کو صاف کرنے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں ، جرائم پر قابو پانے کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرناہوگا ،تنہاء حکومت، انتظامیہ یا کسی ایک طبقے کا نہیں بلکہ یہ پوری قوم کا مسئلہ ہے جس سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے حکومت اور انتظامیہ سمیت تمام طبقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، حکومت کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کی جانوں اور مال کے تحفظ کو سب سے مقدم رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر بازاروں میں رش کی وجہ سے دشمن فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں ، حکومت عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے، دشمن قوتیں ملک میں خون کی ہولی کھیلنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی، ڈاکو راج کا خاتمہ، اسٹریٹ کرائم کی روک تھام، منشیات معاشرتی برائیوں کی سرکوبی کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارر وائیاں کی جائیں۔