توہین عدالت کے مرتکب وزیراعظم اور کابینہ کو نا اہل قرارد یا جائے ، تحریک انصاف

19 اپریل ، 2023

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر ڈاکٹرمنیر بلوچ کی زیر صدارت پارٹی کی صوبائی کابینہ کا اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری سالار کاکڑ ،سینئر نائب صدر صدر باری بڑیچ ،مرکزی نائب صدر نوابزادہ شریف جوگیزئی ، نائب صدر عالم کاکڑ ،مرکزی جوائنٹ سیکرٹری فیصل دہوار، ڈسٹرکٹ کوئٹہ صدر مبیں خلجی،ا یڈیشنل جنرل سیکرٹری سردار زین، اکرم ترین ،سردار خادم حسین وردگ ، داودپانیزئی ،داود شاہ کاکڑ اوردیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں مرکزی نائب صدر و سابق صوبائی صدر قاسم خان سوری نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی، اجلاس میں بلوچستان میں پاکستان تحریک انصاف اوراسکی ذیلی تنظیموں کو مزید فعال اور منظم بنانے کیلئے غوروخوض کیا گیا اوراہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں بلوچستان سمیت ملک بھر میں ہونے والی مردم شماری میں بے قاعدگیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکمران مردم شماری میں بے قاعدگیوں کو ختم کرنے اور صحیح مردم شماری کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں اس سلسلے میں پاکستا ن تحریک انصاف نے ایک کمیٹی تشکیل دی جو مردم شماری کا جائزہ لے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منیر بلوچ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے پارٹی کی مقبولیت سے امپورٹڈ حکمران بوکھلاہٹ کاشکار ہوچکے ہیں اور پارٹی کے چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان اوردیگرقائدین کے خلاف جھوٹے اور من گھڑت مقدمات قائم کئے گئے ہیں، پارٹی کے قائدین اور کارکن ان مقدمات سے مرعوب نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہادوزیراعظم اوراسکی کابینہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی خلاف ورزی کرکے توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں سپریم کورٹ انہیں فوری طورپر نا اہل قرارد ے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اسوقت عوام کے دلوں میں راج کر ر ہی ہے اورانشاء اللہ انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے دوبارہ اقتدار میں آئے گی ،پارٹی کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں انکا یہ خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح بلوچستان کے عوام بھی سابق وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔