مستقبل کے چیلنجز کومدنظر رکھ کر منصوبہ بندی کی جائے‘ گورنر

19 اپریل ، 2023

کوئٹہ (خ ن) گورنر ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ خطے میں رونما ہونے والی معاشی تبدیلیوں کا ایک اہم لنک بلوچستان ہے،سی پیک جیسا شاندار منصوبے کے تاج میں گوادر ہی چمکتا ہوا نگینہ ہے، طویل ساحلی پٹی کے باعث یہاں بلیو اکانومی کی ترقی اور میرین سائنسز کے فروغ کے حوالے سے لسبیلہ یوبیورسٹی پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہائوس کوئٹہ میں لسبیلہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ اور پرووائس چانسلر ڈاکٹر جلال فیض سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر کاکڑ نے کہا کہ ہمیں مستقبل قریب کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کرنی چاہئے،اس ضمن میں لسبیلہ یونیورسٹی سمندری تجارت سے استفادہ کرنے اور بلیو اکانومی کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی جدید تحقیق وتخلیق سے بھرپور استفادہ کرکے ہی ہم صوبے بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں صحتمند ماحول کو فروغ دینے، تعلیمی معیار کو اونچا کرنے اور درس وتدریس کے طریقہ کار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔