کوئٹہ (خ ن)گورنربلوچستان ملک عبدالولی خان نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے شہریوں کو مختلف تکالیف میں دیکھ کر دل رنجیدہ ہو جاتا ہے، انہوں نے ڈی سی کوئٹہ اور ایڈمنسٹریٹر پر زور دیا کہ وہ کوئٹہ کے شہریوں کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے ہر روز کوئٹہ شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں کا دورہ کریں تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں، یہ بات انہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں منگل کو ڈپٹی کمشنر شہک بلوچ اور میٹروپولٹین کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر طارق بلوچ کی موجودگی میں انجمن تاجران کے سربراہ رحیم کاکڑ اور یاسین مینگل سے گفتگو میں کئی، اس موقع پر گورنر بلوچستان نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سٹی میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور سڑکوں کی خستہ حالی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ایسی سڑکیں بھی ہیں جن پر پچھلے پندرہ بیس سال سے مرمت کی کسی نے زحمت بھی نہیں کی، ملک عبدالولی خان کاکڑ نے شہر کی صفائی اور ماحول کی بہتری کیلئے تمام متعلقہ محکموں کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے, سٹریٹ لائٹس، ٹریفک سیگنلز بحال کرنے اور ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کی خصوصی ہدایت کی، انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں میں عام لوگوں، دکانداروں اور تاجروں سے رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل معلوم کریں، گورنر بلوچستان نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی اسمبلی سے ایوب اسٹیڈیم تک اور شہباز ٹاون سے بےنظیر بھٹو لیڈیز پارک تک گھومنے والے آوارہ جانوروں، گائیوں اور بچھڑوں کا فوری طور پر تدارک کیا جائے۔