لندن: افغانستان کی مدد کے لیے نیلامی میں ایک کروڑ کا کیلا فروخت

19 اپریل ، 2023

کراچی(نیوزڈیسک) نیلامی کی اس تقریب میں کیلے کی ابتدائی بولی دو سو پاؤنڈز لگائی گئی جو بڑھتے بڑھتے 30 ہزار پاؤنڈز تک پہنچ گئی جس کے لیے کئی لوگوں کی کالز آ رہی تھیں اور مختلف علاقوں سے لوگ اس کیلے کی نیلامی کے لیے بڑھ چڑھ کر بولی لگا رہے تھے۔بولی کے ابتدا میں اس کیلے کی قیمت 200 برطانوی پاؤنڈ یا تقریبا 60 ہزار پاکستانی روپے لگی لیکن پھر یہ بولی بڑھتی گئی۔ایسے میں ایک شخص نے منتظمین میں سے ایک کے نمبر پر کال کی اور کیلے کی قیمت پہلے 20 ہزار پاونڈ یعنی 60 لاکھ روپے اور آخر میں کیلے کی قیمت30 ہزار پاؤنڈ (تقریبا ایک کروڑ روپے) لگائی اور یوں یہ نیلامی فون کرنے والے اس شخص نے جیت لی۔یہ کیلا کسی خاص دھات یا سونے کا بنا نہیں بلکہ ایک عام سا کیلا تھا لیکن جس مقصد کے لیے اس نیلامی کا انعقاد کیا گیا وہ مقصد بہت خاص تھا اور یہ مقصد تھا افغانستان میں مستحقین کے لیے فنڈز اکٹھے کرنا۔نیلامی کی اس انوکھی تقریب کا انعقاد برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے ساؤتھ ہال میں ہوا۔ لندن کے اس علاقے میں ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد آباد ہے۔