ای سی سی اجلاس، ضمنی گرانٹس کی منظوری

اداریہ
29 اپریل ، 2023

وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی صدارت میں ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ترقیاتی اسکیموں، منصوبوں، تخفیف غربت اور دیگر وزارتوں کے لئے ضمنی گرانٹس کی منظوری معاشی مشکلات کے باوجود قومی ترقی کیلئے حکومتی عزم کا واضح مظہر ہے ۔ اجلاس میں پشاورخودکش دھماکہ کے شہداء اور زخمیوں کے لئے 28 کروڑ روپے کی منظوری کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔ 30 جنوری 2023کو پشاور پولیس لائن کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں درجنوں افراد شہید اور 150 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔ شہید ہونے والوں میں پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد شامل تھی یہ واقعہ اس وقت ہوا تھا جب مسجد میں باجماعت نماز ظہر ادا کی جا رہی تھی۔ یہ اے پی ایس حملے کے بعد پشاور میں پیش آنے والا دوسرا بڑا سانحہ تھا۔تھنک ٹینک سینٹر فار سکیورٹی اسٹڈیز کے اعداد و شمار کے مطابق 2022میں پاکستان میں 506دہشتگرد حملوں میں 601افراد جاں بحق ہوئے جن میں 290سکیوررٹی فورسز کے ارکان اور 311عام شہری تھے۔ ای سی سی نے وزارت توانائی کی چار سمریوں پر بھی غور کیا۔ ضلع اٹک میں 16.41مربع کلومیٹر رقبے پر محیط بھل سیداں ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈیکشن لیز کی تجدید میں یکم جنوری 2022سے 10 اپریل 2024 توسیع کی منظوری دی۔ او جی ڈی سی ایل نے 2022میں اٹک میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کئے تھے۔چکوال میں کان کنی کی لیز اور پریوالی تیل و گیس بلاک میں پانچ سال کی توسیع بھی کی گئی۔ یہ ضلع چکوال میں 18.85مربع کلومیٹر کے رقبہ پر محیط ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قومی صحت کے لئے 6 کروڑ 70لاکھ، وفاقی شرعی عدالت کا شارٹ فال پورا کرنے کے لئے 6 کروڑ 10 لاکھ اور بینظیر انکم سپورٹ نشو ونمامنصوبے کے لئے 50 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس بھی منظور کیں۔


اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998