سندھ،نیم ہنرمندملازمین کی کم سے کم ماہانہ تنخواہ 26ہزار روپے مقرر

29 اپریل ، 2023

کراچی ( رپورٹ۔۔۔اعجاز احمد)سندھ حکومت نے 42 صنعتوں میں 3مختلف درجوں نیم ہنر مند، ہنر مند اور اعلیٰ تربیت یافتہ ملازمین کے لیے کم از کم تنخواہ کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا، جو یکم جنوری2023 سے نافذالعمل سمجھا جائے گا۔سندھ منیمم ویجز ایکٹ 2015ءکے تحت محکمہ محنت و افرادی قوت سندھ کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق نیم ہنرمندملازمین کی کم سے کم ماہانہ تنخواہ 26 ہزارروپے،ہنرمند یا تربیت یافتہ ملازمین کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 31 ہزار961 روپے اور اعلیٰ تربیت یافتہ ملازمین کی کم سے کم ماہانہ تنخواہ 33 ہزار 491 روپے مقرر کی گئی ہے۔