مارک زکر برگ دنیا کے بارہویں امیر ترین شخص بن گئے

29 اپریل ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) فیس بک اور میٹا کمپنی کے مالک مارک زکر برگ کی دولت میں چند گھنٹوں کے دوران 10ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا ہے ، اس طرح زکر برگ دنیا کے بارہویں امیر ترین شخص بن گئے ہیں ،انہوں نے بھارت کی ارب پتی اور ایشیا کی سب سے دولت مند شخصیت مکیش امبانی کو دولت میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔بلوم برگ بلینئر انڈیکس کے مطابق جمعرات کے روز دنیا کے 12امیر ترین افراد نے مجموعی طور پر 36ارب ڈالر کمائے ، ایلون مسک ، جیف بیزوس اور دیگر نے رواں برس اب تک اپنی مجموعی دولت میں 264ارب ڈالر کا اضافہ کیا ہے ۔ بلوم برگ کے مطابق امیر ترین شخصیات کی دولت میں اضافہ اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی سے اضافے کی مرہون منت ہے ۔ امریکی اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کے روز500پوائنٹس یعنی دو فیصد کا اضافہ ہوا اور رواں برس اس میں اب تک 8فیصد کا اضافہ ہوچکا ہے ۔ ایل وی ایم ایچ کے سی ای او برنارڈ آرنلٹ اور میٹا پلیٹ فارمز کے سی ای او مارک زکر برگ نے سب سے زیادہ منافع کمایا ۔ دونوں کمپنیوں کے شیئرز میں اضافہ ہوا اور دونوں نے بالترتیب 46ارب ڈالر اور 42ارب ڈالر کمائے۔ ایمازون کے بانی جیف بیزوس ، ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک اور لوریل کی فرانکوئس بیٹن کورٹ نے بالترتیب 27، 25اور 23ارب ڈالر کمائے۔